Library · ur

زبُور 149

زبُور 149

1 یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔

یَاہوِہ کے لیٔے نیا نغمہ گاؤ،

مُقدّسین کے مجمع میں اُن کی سِتائش کرو۔ (149‏:1 مُکا 5‏:9؛ 14‏:3‏)

2 اِسرائیل اَپنے خالق میں شادمان رہے؛

اَور فرزندانِ صِیّونؔ اَپنے بادشاہ کے سبب سے شادمان ہوں۔

3 اِسرائیلی رقص کرتے ہُوئے اُن کے نام کی سِتائش کریں

اَور دف اَور سِتار بجا کر اُن کی مدح سرائی کریں۔

4 کیونکہ یَاہوِہ اَپنے لوگوں سے خُوش رہتے ہیں؛

اَور حلیموں کو نَجات کا تاج پہناتے ہیں۔

5 مُقدّسین اِس اِعزاز سے خُوش ہُوں،

اَور اَپنے بِستروں پر بھی خُوشی سے نغمہ سرائی کریں۔

6 خُدا کی تمجید اُن کے مُنہ میں

اَور دو دھاری تلوار اُن کے ہاتھ میں رہے،

7 تاکہ قوموں سے اِنتقام لیں

اَور اُمّتوں کو سزا دیں،

8 اَور اُن کے بادشاہوں کو زنجیروں سے جکڑیں،

اَور اُن کے اُمرا کو لوہے کی بیڑیاں پہنائیں،

9 تاکہ جو سزا اُن کے لیٔے مُقرّر تھی وہ اُسے پُورا کریں۔

اُن کے سَب مُقدّسین کو یہ شرف بخشا گیا ہے۔

یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔