Library · ur

زبُور 6

زبُور 6

موسیقی ہدایت کار کے لئے، تاردار سازوں کے ساتھ، شمینِت‏ (6‏:0 عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے) کے سُرپر مَبنی داویؔد کا زبُور۔

1 اَے یَاہوِہ، آپ اَپنے قہر میں مُجھے نہ جھڑکیں،

اَور نہ اَپنے غضب میں مُجھے تنبیہ کریں۔

2 اَے یَاہوِہ، مُجھ پر رحم کریں کیونکہ مَیں پژمردہ ہو چُکا ہُوں؛

اَے یَاہوِہ، مُجھے شفا بخشیں، میری ہڈّیاں شدید تکلیف میں مُبتلا ہیں۔

3 میری جان بھی نہایت پریشان ہے،

اَے یَاہوِہ، آخِر کب تک آپ کی مدد کا منتظر رہُوں؟

4 اَے یَاہوِہ، توجّہ فرمائیں اَور مُجھے رِہائی بخشیں؛

اَپنی لافانی مَحَبّت کے باعث مُجھے رِہائی بخشیں۔

5 کیونکہ مرنے کے بعد آپ کو کویٔی یاد نہیں کرتا۔

قبر میں سے کون آپ کی تمجید کر سَکتا ہے؟

6 میں کراہتے کراہتے تھک گیا؛

رات بھر رو رو کر میں اَپنا بِستر بھگوتا ہُوں

اَور اَپنا پلنگ آنسُوؤں سے تربتر کرتا ہُوں۔

7 میری آنکھیں غم کے مارے پژمردہ ہو رہی ہیں؛

اَور میرے سَب حریفوں کی وجہ سے وہ دھُندلانے لگی ہیں۔

8 اَے بدکردارو، تُم سَب میرے پاس سے دُورہو جاؤ،

کیونکہ یَاہوِہ نے میرے رونے کی آواز سُن لی ہے۔

9 یَاہوِہ نے میری فریاد سُن لی؛

یَاہوِہ میری دعا قبُول فرماتے ہیں۔

10 میرے سارے دُشمن شرمندہ اَور دہشت زدہ ہوں گے؛

وہ ناگہاں رُسوا ہوکر لَوٹ جایٔیں گے۔