Library · ur

زبُور 70

زبُور 70

موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔ ایک درخواست۔

1 اَے خُدا، براہِ کرم مُجھے جلد نَجات بخشیں؛

اَے یَاہوِہ، میری مدد کے لیٔے جلد آئیں۔

2 جو میری جان کے درپے ہیں

وہ شرمندہ اَور پریشان ہوں؛

اَورجو میری بربادی کے خواہاں ہیں

وہ سَب رُسوا ہوکر پسپا کئے جایٔیں۔

3 وہ جو میرے دشمن مُجھ پر، ”آہ! آہ“ کرتے ہیں!

وہ سَب اَپنی رُسوائی کے باعث پسپا ہو جایٔیں۔

4 لیکن جو آپ کی جُستُجو میں ہیں

آپ میں خُوش و شادمان ہوں؛

اَورجو آپ کی نَجات کے مُشتاق ہیں، وہ ہمیشہ یہ کہا کریں،

”یَاہوِہ عظیم ہیں!“

5 لیکن مَیں تو مسکین اَور مُحتاج ہُوں؛

اَے خُدا میرے پاس جلد آئیں،

آپ ہی میرے مددگار اَور میرے چھُڑانے والے ہیں؛

اَے یَاہوِہ، اَب دیر نہ کریں۔